انگلینڈ نے پاکستان کی شکایت پر براڈ کو ڈانٹ دیا

Brad

Brad

لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ نے پاکستان کی شکایت پر براڈ کو ڈانٹ دیا،آف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر شکوک ظاہر کرنے والے آل رائونڈر پابندی اور جرمانے سے بچ نکلے،ای سی بی نے انھیں ذمہ داریوں کااحساس دلانا ہی کافی سمجھا۔

تفصیلات کے مطابق سعید اجمل نے ووسٹرشائر کی جانب سے ایسیکس کے خلاف کائونٹی چیمپئن شپ میچ میں 13 وکٹیں لیں، جس پر ان کی بولنگ ایکشن کو ہی مشکوک بنانے کی کوششیں شروع ہوگئیں، یہ معاملہ پہلے سابق انگلش کپتان مائیکل کلارک نے ٹویٹر پر تبصرہ کرکے چھیڑا جس کے جواب میں اسٹورٹ براڈ نے ٹویٹ کیا کہ ’’بعض بولرز کا ایکشن تجزیے کے دوران لیب میں گرائونڈ سے یکسر مختلف ہوتا ہے، وہ وکٹیںلینے کے لیے الگ انداز اختیار کرتے ہیں‘‘۔ اس ٹویٹ سے صاف طور پر وہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر شکوک پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دیے، آف اسپنر کی شکایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلش بورڈ سے وضاحت طلب کی کہ اس نے براڈ کے خلاف کیا کارروائی کی؟

اب معلوم ہوا ہے کہ ای سی بی نے اپنے فاسٹ بولر کو صرف ذمہ داری کا احساس دلانا ہی کافی سمجھا، رپورٹس کے مطابق بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے یہ یقین دہانی کرائی کہ براڈ کو سوشل میڈیا کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا جائے گا،البتہ ان کیخلاف جرمانہ نہ ہی کوئی ڈسپلنری کارروائی ہوگی، کلارک نے اس بارے میں ووسٹرشائر کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ ہیتھرڈل سے بھی بات کی ہے۔

دوسری جانب سعید اجمل کے ایجنٹ عمران خان نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ جائلز کلارک کو معاملے کا احساس ہے،امید ہے کہ آئندہ اسٹورٹ براڈ کوئی بھی تبصرہ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں گے۔ یاد رہے کہ سعید اجمل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سابق پلیئرز کمنٹری باکس میں جو مرضی کہیں لیکن ایک موجودہ کھلاڑی کو کسی دوسرے پر ایسا تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔