دورہ انگلینڈ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کا اسکلز کیمپ شروع

TEAM PAKISTAN

TEAM PAKISTAN

لاہور (جیوڈیسک) دورہ انگلینڈ کی تیاری کے لیے اسکلز کیمپ آج سے شروع ہوگیا ہے جس میں کرکٹرز اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے پریکٹس کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس کیمپ ختم ہونے کے بعد دورہ انگلینڈ کیلیے منتخب ممکنہ کرکٹرز کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ان کی تعداد 21کرلی گئی تھی، ان میں محمد حفیظ، سمیع اسلم، خرم منظور اور شان مسعود، اظہرعلی، یونس خان ، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر رحمان، سرفراز احمد، محمد رضوان، محمدعامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنیدخان، احسان عادل، یاسر شاہ اور ذوالفقاربابرشامل ہیں، لاہور کے پلیئرز روزانہ گھروں سے ہی کیمپ میں شرکت کیلیے آئیں گے،گھٹنے کی انجری کا شکار محمد حفیظ ٹریننگ سے گریز کریں گے، این سی اے اور قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

شیڈول کے مطابق کھلاڑی صبح 10تا دوپہر ایک بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈورپریکٹس کریں گے، تاہم اس سیشن میں شریک ہونا لازمی قرارنہیں دیا گیا، پلیئرز اگر چاہیں تو ٹریننگ کرینگے، سہ پہر ساڑھے 3بجے قذافی اسٹیڈیم میں صرف بولرز اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کرینگے، شام ساڑھے 4تا 7بجے تک تمام کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری کیلیے پریکٹس جاری رکھیں گے، این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کرینگے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن اور معاون اسٹاف بھی کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلیے موجود ہوگا۔