انگلینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔
انگلش ٹیم کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناسکی اور یوں اسے 45 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ کی اس فتح کے ساتھ ہی 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اورابتدائی دونوں کھلاڑی 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن اور معین علی نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا تاہم وقفے وقفے سے انگلش ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر 59 رنز، لیام لیونگسٹن 38 اور معین علی 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے محمد حسنین نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلش ٹیم کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے مستحکم آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز جوڑے تاہم بابر اعظم 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور محمد رضوان اور شاداب خان کے علاوہ کوئی بلے باز انگلش بولروں کے سامنے مزاحمت نہیں کرسکا۔
پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناسکی اور یوں اسے 45 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
گرین شرٹس کی جانب سے محمد رضوان 37 بناکر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان 36 رنز بناسکے۔
انگلش ٹیم کی جانب سے ثاقب محمود 3، عادل رشید اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
معین علی کو بہترین پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 20 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔