دبئی (جیوڈیسک) پاکستان کی نگاہیں ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر لگ گئیں، انگلینڈ کے خلاف منگل سے شروع ہونے والی سیریز میں 2-0 کی فتح سے گرین کیپس کو جنوبی افریقہ کے بعد دنیا کی بہترین سائیڈ کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز منگل سے ابوظبی میں شروع ہورہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 22 ٹیسٹ سیریز ہوچکیں جن میں سے انگلش ٹیم کو 9 اور گرین کیپس کو 7 میں کامیابی حاصل ہوئی، باقی 6 ڈرا ہوئیں۔ متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی گذشتہ سیریز میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے کلین سویپ کامیابی حاصل کی تھی۔
تب انگلش ٹیم کوٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل تھی۔ اس بار جب دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں تو انگلینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے تاہم دونوں ہی ٹیموں کے پاس 106 پوائنٹس کی حامل آسٹریلوی ٹیم سے دوسری پوزیشن چھیننے کا موقع موجود ہے تاہم اس کیلیے سیریز میں 2-0 یا اس سے بہتر مارجن کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔
اگر پاکستان یہ سیریز 3-0 سے جیت جاتا ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 108 ہوجائے گی، 2-1 سے کامیابی کی صورت میں 105 پوائنٹس ہوں گے جوکہ کینگروز کو اپنی جگہ سے ہٹانے کیلیے ناکافی مگر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلیے کافی ہوں گے اسی طرح 2-0 سے فتح سے گرین کیپس کے 106 پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ اعشاریائی پوائنٹس کی بنیاد پر آسٹریلیا سے آگے نکل جائیں گے۔
اسی طرح انگلینڈ کے پاس بھی آگے بڑھنے کا موقع موجود ہے لیکن اگر یہ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 1-1 سے برابر رہتی ہے تو پھر دونوں کے موجودہ پوائنٹس اور رینکنگ برقرار رہے گی۔ اسی طرح کھلاڑیوں کے پاس بھی اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع بھی موجود ہے، اس وقت دونوں جانب کے ہائی رینکنڈ بیٹسمین جوئے روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، چند اچھی اننگز انھیں دوبارہ ٹاپ پر پہنچا سکتی ہیں۔ یونس خان چھٹے نمبر پر براجمان ہیں، انھیں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے مزید 19 رنز درکار ہیں، اس طرح وہ جاوید میانداد (8832) سے آگے نکل جائیں گے۔ اس کے ساتھ وہ اپنی پوزیشن بھی بہتر بناسکتے ہیں۔
دونوں جانب کے کپتانوں مصباح الحق (13) اور الیسٹر کک (14) کے درمیان صرف ایک پوائنٹ حائل ہے، سرفراز احمد اور اظہر علی دونوں 16 ویں نمبر پر ہیں جبکہ اسد شفیق کا 19 واں نمبر ہے۔ ٹیسٹ بولرز میں اسٹورٹ براڈ دوسرے نمبر پر ہیں اور وہ نمبرون پوزیشن کے حامل ڈیل اسٹین سے پوائنٹس کا فرق کم کرنا چاہتے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ اس وقت چوتھے نمبر پر موجود ہیں، انھوں نے 10 ٹیسٹ میچز میں 61 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کا بھی ٹاپ پوزیشن کی جانب فاصلہ سمٹ سکتا ہے۔ ادھر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے گال میں ہورہا ہے، اگر کیریبیئن سائیڈ یہ مقابلہ 2-0 سے جیت لیتی تو پھر وہ سری لنکا سے ساتویں پوزیشن حاصل کرلے گی تاہم سیریز کا کوئی بھی دوسرا نتیجہ سری لنکا کی رینکنگ پوزیشن پر اثر انداز نہیں ہوگا۔