لاہور (جیوڈیسک) دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹرز فوجی ٹریننگ کرینگے، فیصل آباد میں پاکستان کپ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد ایبٹ آباد میں 3 ہفتے کا فٹنس کیمپ لگایا جائیگا، کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی لی جائینگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے بتایا کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے قومی کرکٹرز کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنے کیلیے بھرپور پلاننگ اور محنت کی جائیگی، فٹنس لیول بہتر بنانے کیلیے پاک فوج کے ساتھ ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصل آباد میں پاکستان کپ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد ایبٹ آباد میں 3 ہفتے کا کیمپ لگائینگے جس کے فوری بعد ٹیم انگلینڈ روانہ ہو جائیگی،اس دوران کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی لی جائینگی جب کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی پہاڑی مقام پر تیاریوں کے فیصلے کی حمایت کردی۔
ایبٹ آباد میں ٹریننگ کے دوران اسکواڈ کیساتھ پی سی بی کاکوچنگ اسٹاف، فزیو، ڈاکٹر اور ٹرینرسب ہونگے،ان کو بخوبی اندازہ ہوگا کہ کھلاڑیوں کو کس انداز میں دورے کیلیے تیار کرنا ہے، امید ہے کہ پہاڑی مقام کی انگلینڈ سے ملتی جلتی کنڈیشنز میں اچھی ٹریننگ ہوگی۔ یاد رہے کہ فی الحال پاکستان کی کوئی سیریز شیڈول نہیں تاہم جولائی سے ستمبر تک ٹیم انگلینڈ سے 4 ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلے گی۔
یاد رہے کہ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے محمد اکرم نے اہم ٹورز سے قبل سخت ٹریننگ کرائی جس کے باعث کئی کھلاڑی ملک میں ہی ان فٹ ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے سوال پر نومنتخب سلیکٹر انضمام نے کہا کہ جدید کرکٹ میں فٹنس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کرسکتے تاہم ایسا نہیں ہوگا کہ کرکٹرز سیریز شروع ہونے سے قبل ہی تھکاوٹ کا شکار ہو جائیں۔