لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں اسکاٹ لینڈ کے بعد انگلینڈ اور ویلز میں بھی ہم جنس پرستوں کو قانونی طور پر شادی کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کچھ ماہ قبل برطانوی پارلیمنٹ نے انگلینڈ اور ویلز میں ہم جنس پرستوں کے درمیان شادی کو جائز قرار دینے کی منظوری دے دی تھی تاہم اس کا اطلاق جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات سے ہوگیا ہے، اس قانون کے اطلاق کے بعد اب ہم جنس پرست باقاعدہ طور پر شادی کرسکتے ہیں اور انہیں شادی شدہ جوڑے کی حیثیت حاصل ہوگی۔
قانون کے اطلاق پر جہاں ملک کے سیاسی رہنماؤں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے وہیں برطانوی کلیسا نے بھی اس قسم کی شادیوں کو بھی قبول کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ آرچ بشپ آف کنٹربری جسٹن ویلبی نے کہا ہے کہ ملک میں قانون اور حالات بدل چکے ہیں اور ہمیں اسے تسلیم کرنا ہوگا، اب چونکہ برطانوی پارلیمنٹ نے ہم جنس پرستوں کے درمیان شادی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے تو کلیسا بھی اس کی مخالفت ترک کر دے گا۔
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ بھی گزشتہ ماہ ہم جنس پرستوں کے درمیان شادی کو جائز قرار دینے سے متعلق قانون منظور کرچکی ہے تاہم شمالی آئرلینڈ میں ایسے کسی قانون کی منظور کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔