نئی دہلی (جیوڈیسک) فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف صرف سترہ اعشاریہ ایک اوور میں مکمل کیا۔ جیسن روئے نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے صرف 44 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی یادگار جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں اے ڈی ہیلز 20، روٹ 27 اور بٹلر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سوڈی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سب سے کامیاب گیند باز رہے۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن منرو نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں کین ویلم سن 32 جبکہ ایںڈرسن 28 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے چھبیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔