کراچی: ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے زیر اہتمام شاہ فیصل کالونی میں پھولوں کا شہر آباد ہوگی، فلاور شو اینڈ فیملی فیسٹیول کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا افتتاح کر دیا گیا افتتاح کے پہلے روز عوام کا شدید جو ش و خروش، افتتاحی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ ناصر حسین شہید فیملی پارک کے وسیع و عریض رقبے پر منعقدہ فلاور شو کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر شہر کی ممتاز سیاسی و سماجی ،کھیل سے وابستہ شخصیات اور فلم ،ٹی وی اور اسٹیج کے فنکاروں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر منعقدہ شایان شان افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ پر آشوب ماحول میں تفریحی تقریبات کا انعقاد احسن اقدام ہے اس کے ذریعے نہ صرف امن، محبت اور بھائی چارگی کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ تمام قومیتوں کے لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے اور اپنی ثقافت کو اُجاگر کرنے کا موقع ملے گا حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لئے عوام کا متحد ہونا ضروری ہے ایسی تقریبات سے عوام کو متحد اور صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے ساتھ ایک دوسرے سے ہم ااہنگی کا موقع فراہم ہوسکے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ہم اپنے نصب العین پر عمل کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ ضلع کورنگی کو امن کا گہوارہ بنا ئیں گیا۔ افتتاح کے بعد حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان، رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم،میونسپل کمشنر طلعت محمود اور د یگر معززین کے ہمراہ فلاور شو میں نمائش کے لئے رکھے گئے نایاب پھولوں اور فیسٹیول میں لگائے گئے مینا بازار ،فوڈ اسٹریٹ سمیت دیگر اسٹالوں کا دورہ کیا اور اسے ڈی ایم سی کورنگی کا مثالی ایونٹ قرار د یا۔