لاہور: صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ـ محکمہ تحفظ ماحول تنہااس مسئلے پر قابو نہیں پا سکتا اس لئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اس سلسلہ میں حکومت کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔
میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق انہوں نے یہ بات آج یہاں عالمی یوم ماحول کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کانگریس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ـ اس موقع پر صدر انجینئرنگ کانگریس افتخار احمد اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ماہرین ماحولیات ، فاریسٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ـ صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمی تغیرات اور پانی کی کمی کے حوالے سے عوام آگہی مہمات کے ذریعے شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف اس مسئلے پر قابو پایا جا سکے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے ـ انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی سربراہی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اس سلسلہ میں عوام آگہی کے لئے اپنی تمام توانائیاں برؤئے کار لا رہا ہے ـ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی انفرادی نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اس لئے ہم سب کو ایک ٹیم کی طرح کام کر تے ہوئے اس پر قابو پانے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین ماحولیات کے مطابق تیزی سے بدلتے ہوئے موسمی تغیرات کے باعث دنیا بھر میں پہاڑوں پر برف تیزی سے پگھلتی جا رہی ہے اور چند دہائیوں بعد سطح سمندر دس فٹ بلند ہو جائے گی جس سے سمال آئس لینڈ ڈویلپنگ سٹیٹس خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں ـ عالمی یوم ماحول کے سے پنجاب یونیورسٹی کے الراضی ہال میں محکمہ تحفظ ماحول ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا ـجس میں وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں سیکرٹری ماحولیات محمد انور رشید ، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات فاروق حمید شیخ اوروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران نے بھی شرکت کی ـتقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے قدرتی ماحول کو بہتر بنانے اور درختوں میں اضافہ کرنا ہو گا ـانہوں نے کہا کہ زمین ہمارا گھر اور ماحول ہماری چھت ہے اس لئے ہم سب کو اور بالخصوص سمال آئس لینڈ ڈویلپنگ سٹیٹس کو مل جل کر کام کرنا ہو گا ـ انہوںنے کہا کہ نوجوان ماحول کو بہتر بنانے کے لئے بہترین خدمات سرانجام دے سکتے ہیں ـ انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو اپنی عوام آگہی مہمات میں شریک کرے گا ـقبل ازیں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران ، سیکرٹری ماحولیات محمد انور رشید اور پروفیسر فردوس بریں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔