اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے ای او بی آئی کرپشن کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اراضی کی خریدو فروخت سے متعلق ٹرانزکشن شفاف نہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری وجاہت کے پرنسپل سیکریٹری چودھری مسعود ملک کے 58 لاکھ روپے کے بنک اکاونٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ا ی او بی آئی کرپشن از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے ملک جاوید سے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش کس مرحلے پر ہے۔ ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کرائی گئی تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے مطابق ٹرانزکشن شفاف نہیں ہے۔
رپورٹ میں چودھری وجاہت حسین کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات دی گئی ہیں جبکہ بتایا گیا ہے کہ ان کے پرنسپل سیکریٹری مسعود ملک بیرون ملک فرار ہیں۔
ای او بی آئی کے وکیل نے بتایا کہ ادارے کی زمین کی بولی سات جنوری کو ہو گی۔ عدالت نے کہا کہ ای او بی آئی کیس میں کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم نہیں دیا گیا۔