اسلام آباد (جیوڈیسک) ای او بی آئی سے پنشن حاصل کرنے والے 34 لاکھ سے زائد افراد کو حکومت کے تمام تر وعدوں کے باوجود اضافی رقم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے دورحکومت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ای او بی آئی کے پنشنرز کے لیے سو فیصد اضافے کا اعلان کیا مگر اس اعلان پرنہ تو پیپلز پارٹی دور میں عملدرآمد ہو سکا اور نہ ہی موجودہ حکمرانوں نے اس حوالے سے کوئی عملی اقدام کیا ہے، گزشتہ سال توای او بی آئی کے فنڈزہی لپس ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ای اوبی آئی کے پنشنرزکی تعداد34 لاکھ سے زائدہے جنھیں ماہانہ 3600روپے فی کس کے حساب سے پنشن دی جاتی ہے، 2012 میں ای اوبی آئی کے تمام پنشنرز کو20 فیصد اضافی رقم دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن پنشنرز عملی طور پر اس اضافے سے محروم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنشن میں اضافہ کی ادائیگی کے لیے سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی گئی لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل سکا۔