ایفی ڈرین کیس، ملزمان پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

Ephedrine

Ephedrine

راولپنڈی (جیوڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وفاقی وزیرمخدوم شہاب الدین، سابق رکن اسمبلی علی موسیٰ گیلانی، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، داناس کمپنی کے ڈائریکٹر کرنل (ر) طاہرالودود، بر لیکس کمپنی کے ڈائریکٹر افتخار بابر سمیت 10 ملزمان کیخلاف 9000 کلو ایفی ڈرین کا غیرقانونی کوٹے کی الاٹمنٹ، اسمگلنگ اور منشیات اسمگلنگ کی دفعہ9 سی کے تحت حتمی چالان انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا ہے۔

عدالت کے جج اختربہادر نے تمام ملزمان کومنشیات اسمگلنگ کی دفعہ کے تحت فردجرم عائد کرنے کیلیے نوٹس جاری کر کے آج بدھ 12 فروری کو عدالت طلب کر لیا ہے۔

حتمی چالان میں 4 ملزمان ہاشم ترین، احسان الرحمن، تنویر شیرازی، عبدالوحید کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔ سابق سیکریٹری ہیلتھ خوشنوداختر لاشاری سمیت 6 ملزمان حاجی دلدارخان، عزیزمہمند، قاری عبدالظاہر، کاکا خان، صاحب گل کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔ فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں ملکی تاریخ کا یہ اہم ترین کیس دلچسپ مراحل میں داخل ہو جائے گا۔