راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں مخدوم شہاب الدین اور افتخار بابر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا، آئندہ سماعت پر علی موسیٰ گیلانی سمیت تمام بارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج اختر بہادر نے علی موسیٰ گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت بارہ ملزمان کے خلاف ایفیڈرین کوٹہ کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے مخدوم شہاب الدین اور افتخار بابر کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے۔
آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے خبردار کیا کہ عدم حاضری پر ملزمان کی ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔ آئندہ سماعت پر علی موسیٰ گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت بارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، کیس کی مزید سماعت تئیس ستمبر کو ہو گی۔