رائے ونڈ (اقبال کھوکھر) سینٹر فار لیگل ایڈ اسسٹنس اینڈ سیٹلمنٹ (کلاس) کے زیر اہتمام ایک روزہ کمیونٹی آگاہی سیشن کا انعقاد 4 دسمبر 2015ء کو متحدہ کمیونٹی چرچ کوٹ فریدہ رائیونڈ میں ہوا، اس وقت کلاس عورت فائونڈیشن کے صنفی مساوات پروگرام کے تحت امریکی عوام اور ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے ضلع لاہور میں صنفی بنیاد پر تشدد سے متا ثرہ خواتین کو مفت قانونی مدد اور اقلیتی خواتین / بچوں کے لئے پناہ گاہ اور آزادانہ مرضی سے شادی کرنے والے جوڑوں کو سہارا دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
کمیونٹی آگاہی سیشن میں 73 سے زائدمرد اور خواتین نے شرکت کی جبکہ مقرر پروگرام کی پروجیکٹ کوارڈینیٹر نورین اختر تھیں۔ انہوں نے عورتوں کی زندگی،صحت،تعلیم اور خودمختاری کے حقوق اور صنفی بنیاد پر عورتوں پر تشدد کی مختلف اقسام پربات چیت کی اوراُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ عورتوںکے خلاف تشدد درحقیقت انسانیت کے خلاف تشدد ہے۔ مزید براں حکومت کی طرف سے عورتوں کے حقوق و تخفظ کے لئے بنائے گئے قوانین کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان قوانین کو نافذ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور مردوں کو اِس بات کی تحریک دی گئی کہ وہ عورتوں کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں تا کہ صنفی مساوات پرمبنی ایک صحت مند معاشرہ قائٔم ہو سکے۔
سسٹر مریم منشاء (چرچ انچارج )نے کلاس ادارہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموںکے انعقاد سے ہی ایک صنفی مساوات پر مبنی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پرادارہ کلاس کے نیشنل ڈائریکٹر جناب ایم اے جوزف فرانسس نے کہاکہ عورتوں کے حقوق سے متعلقہ قوانین کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صنفی برابری پر مشتمل ایک خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے انہوں نے تمام شرکائ،انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔