واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں صدر نے کہا ہے کہ وہ اپنی اور اپنی اہلیہ مشیل اوباما کی جانب سے امریکا، یورپ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کے تہوار اور حاجیوں کو حج کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی امریکی مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ان لاکھوں افراد میں شامل ہے جو حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے مکہ میں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کا اجتماع دنیا کے چند بڑے اور متنوع اجتماعات میں سے ہے جس کے لئے تمام مسالک کے مسلمان دنیا بھر سے جمع ہوتے ہیں۔
صدر اوباما نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ عید کے موقع پر مسلمان غریب، بھوکے، بیمار، مظلوم اور مشکلات میں گھرے افراد کی مدد کر کے دنیا کے لیے ایک مثال قائم کرتے ہیں۔ اپنے پیغام میں صدر نے کہا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ حاجیوں اور دنیا بھر میں بسنے والے مختلف عقائد کے لوگوں نے امن کے لیے جو دعائیں کی ہیں، وہ سنی جائیں اور مقبول ہوں۔