یکساں نظام اور نصاب تعلیم کے بنا ترقی کرنا دیوانے کا خواب معلوم ہوتا ہے: زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زببر حفیظ نے کہا ہے کہ یکساں نظام اور نصاب تعلیم کے بنا ترقی کرنا دیوانے کا خواب معلوم ہوتا ہے، درجنوں نظام ہائے تعلیم دے کر قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔

دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ قلم و کتاب سے کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا نہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اسلام کا مطالعہ کریں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس پر عمل دنیوی و اخروی زندگی میں کامیابی کا ضامن ہے۔

جدید علوم کا مطالعہ موجودہ دور میں ناگزیر ہے ، ٹیکنالوجی اور سائنس کے میدان میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں صرف کرکے ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہئے۔

زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیں تاکہ وہ سود مند شہری ثابت ہوں ، فنی اور پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کو فروغ دے کر مفید اور ہنر مند نوجوان تیار کئے جائیں ، نوجوانوں کی سرگرمیوں کو ملک کے مفاد اور قوم کی بقاء کے لئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دریں اثنا ء مرکزی سیکرٹریٹ میں پروفیسر وحید الدین کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی جس میں معلم کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی گئی۔

قراداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ استاد کا قتل تعلیم کا قتل ہے، اساتذہ کی پے در پے ٹارگٹ کلنگ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کا رکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔حکومت اعلانات کی بجائے قاتلوں کی گرفتاری کے خلاف عملی اقدامات کرے اور اساتذہ کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔