تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے تصادم نہیں چاہتے لیکن جب غلطی نہیں کی تو معافی کس چیز کی مانگیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ انھوں نے جب کوئی غلط کام نہیں کیا تو معافی کس چیز کی، معلوم نہیں آج عدالت میں کیا ہو گا۔
سپریم کورٹ روانگی سے قبل بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی اور ادارے کی مضبوطی کیلئے جتنی جدوجہد تحریک انصاف اور خود انھوں نے کی کسی نے نہیں کی ۔ انھوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے کسی بھی قسم کا تصادم نہ ہو
عمران خان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران پر تنقید جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہے۔ وہ دوبارہ انتخابات کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ آئندہ کیلئے بہتری چاہتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے متعلق چار سو سے زائد پیٹیشنز آئیں۔ جن میں سے ساٹھ تحریک انصاف کی تھیں۔