ملتان (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے،،، سانحہ ملتان سے متعلق عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لئے۔ ارکان نے جلسہ گاہ اور تمام گیٹس کا معائنہ بھی کیا۔
پولیس کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ بھی دی گئی۔ لاپتہ کزن کی تلاش میں آئے نوجوان پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا۔
سیکریٹری ماحولیات اقبال چوہان، اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر شعیب اور ڈی آئی جی عامر ملک پر مشتمل تین رکنی کمیٹی نےملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ جلسہ گاہ کے تمام گیٹس کا معائنہ بھی کیا۔ ایس پی سٹی نے بھگڈر کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ بھی دی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے مختلف نوعیت کے سوالات بھی کئے۔
بریفنگ کے بعد کمیٹی نے سانحہ کے حوالے سے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری ماحولیات اقبال چوہان نے بتایا کہ جلسے کی انتظامیہ، پولیس اور ضلعی حکام کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی جائے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی کی جلسہ گاہ آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔