حساس اداروں نے سبزی منڈی دھماکے سے قبل الرٹ جاری کی ، پولیس سیکیورٹی میں ناکام رہی

Blast

Blast

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ اور حساس اداروں نے اسلام آباد سبزی منڈی بم دھماکے سے پہلے سیکورٹی الرٹ جاری کر دی تھی ، پولیس سیکورٹی میں ناکام رہی ، دھماکے میں آر ڈی ایکس استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔وفاقی پولیس ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔

حساس ادروں نے سبزی منڈی میں دھماکے سے پہلے سیکورٹی الرٹ جاری کی تھی جس میں لاہور ، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے خبردار کیا تھا کہ مذاکرات مخالف طالبان گروپ حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے کارروائیاں کر سکتے ہیں۔

دہشت گردوں کی جانب سے آئی ڈی ڈیز دھماکا خیز مواد نصب کرنے کے علاوہ بعض مقامات پر گروہ کی شکل میں حملہ آور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود مناسب سیکورٹی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل اور آئی جی اسلام آباد پولیس کی تقرری میں تاخیر کے باعث سیکورٹی صورتحال تسلی بخش نہیں۔

دوسری طرف اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے میں انتہائی دھماکا خیز مواد آر ڈی ایکس استعمال ہوا۔ عمومی طور پر آر ڈی ایکس فوج کے زیر استعمال ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سبزی منڈی بم دھماکے کے تانے بانے کالعدم تحریک طالبان مہمند گروپ سے ملتے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم پولیس ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔