ایتھوپیا کی فوج کی فائرنگ میں سوڈانی فوج کے 6 اہلکار ہلاک

Army

Army

خرطوم (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان اور ایتھوپیا کی متنازع سرحد الفشاقہ میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مسلح جھڑپ میں 6 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کی فوج نے مقامی ملیشیا کے ہمراہ فصلوں کی حفاظت پر مامور سوڈانی فوج کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

ترجمان نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایتھوپیائی فوج کی فائرنگ سے ہمارے 6 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ فصلیں تباہ ہو گئیں۔

سوڈانی فوج کے ترجمان کے مطابق ایتھوپیا کی فوج نے یہ حملہ کسانوں کو ڈرانے اور فصل کی کٹائی کے موسم کو خراب کرنے کے لیے کیا۔ جوابی کارروائی میں ایتھوپیا کی افواج کا بھی جانی نقصان ہوا۔

ایتھوپیا کی جانب سے سوڈان کے اس الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ الفشاقہ کی سرحد پر ایتھوپیا کے کسانوں کی فصلیں ہیں تاہم سوڈان کا دعویٰ ہے کہ یہ فصلیں ان کی حدود میں ہیں جس پر دونوں ممالک کے درمیان تنازع چلتا آ رہا ہے۔