ادیس ابابا (اصل میڈیا ڈیسک) ایتھوپیا میں ہونے والے الیکشن میں وزیراعظم ابی احمد 436 میں سے 410 نشستوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر زیراعظم منتخب ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایتھوپیا میں 21 جون کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 44 سالہ وزیر اعظم ابی احمد کی جماعت خوشحالی پارٹی نے 436 نشستوں میں سے 410 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا اور وبا کی وجہ سے 10 علاقوں میں ووٹنگ نہیں ہوسکی تھی تاہم وزیراعظم ابی احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات شفاف اور آزادانہ ہوئے ہیں۔ الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت خوشحالی پارٹی کے امیدوار ابی احمد ہی ہیں اس طرح نوبل انعام یافتہ وزیراعظم ابی احمد دوسری مدت کے لیے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ایتھوپیا میں انتخابات گزشتہ برس اگست میں ہونے تھے لیکن وبائی مرض کورونا کی وجہ سے انتخابات 5 جون تک ملتوی کردیئے گئے تھے تاہم ملک میں امن و امان کی مخدوش صورت حال اور تنازعات کے باعث الیکشن پھر سے ملتوی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ افریقی ملک ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کو 2019 میں دو ملکوں کے درمیان دہائیوں سے جاری خونی جنگ کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرنے اور امن کاوشوں کے اعتراف میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔