برسلز(پ۔ر) پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہالینڈ کے شہر ”ھیگ” میں پارلیمنٹ کے سامنے کشمیر سنٹر ہالینڈ اور کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید ، کشمیرسنٹر ہالینڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجہ زیب خان نے مظاہرے کی قیادت کی۔ ان کے علاوہ چوہدری خالد محمود جوشی، خالد محمود، خواجہ خورشید ، راجہ فاروق نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکاء میں سردارصدیق ، مہرندیم ، عثمان چوہدری اور حاجی غلام رسول بھی شامل تھے۔ شدید برف باری کے باوجو مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور کشمیریوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان اورکشمیرکی طرح ، یوم یکجہتی کشمیر ہر سال پانچ فروری کو یورپ میں بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دوران شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں جو حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انھیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اوران کی حمایت میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ یورپ میں مسئلہ کشمیر پر شعور اجاگر ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ ہم یورپ میں ”کشمیردوست” تلاش کر رہے ہیں ۔ جیسے جیسے لوگوں میں کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور دوستی بڑھے گئی تو اس سے مسئلہ کشمیرکو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری گذشتہ چھ عشروں سے اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ بھارت نے ان کے اس حق کا دبار کھا ہے اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج وادی پر قابض ہے۔ بھارت نے مقبوضہ وادی میں کالے قوانین نافذ کر رکھے ہیں اور آئے دن پرامن اور نہتے کشمیریوں عوام خاص طور بچے بھارتی بربریت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے حق میں آواز اٹھانے کی سزا مل رہی ہے۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیرکے رہنمائوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انھوں نے اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی اداروں سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں ان کی مدد کریں۔ مظاہرے کے شرکاء نے کتبے اٹھارکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کے اختتام پر کشمیرکونسل ای یو اور کشمیرسنٹر ہالینڈ پرمشتمل وفد نے ہالینڈ کے اراکین پارلیمنٹ ڈزیرے بونیس ، سجورڈ ویمرسجور دسما اور جی اے وان درستور اور پارلیمنٹ کی خارجہ امورکمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین سے ملاقات کی۔ وفد میں کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید ، کشمیرسنٹر ہالینڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجہ زیب خان ، خواجہ خورشید ، راجا فاروق اور خالد محمود شامل تھے۔
وفد نے ہالینڈ کی مقننہ کے اراکین کو ایک یاداشت پر پیش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال خصوصاً وہاں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران حالیہ عرصے کے دوران انسانی حقوق کے متعلق خاص طورپر بے قبروں کے بارے میں انسانی حقوق کے علمبردار پروز امروز اور ان کے ساتھیوں کی تیار کردہ رپورٹ کے بارے میں ہالینڈ کے اراکین پارلیمنٹ کو آگاہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ہالینڈ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی روک تھام اور بے قبروں میں دفن افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے اپنا کردار ادا کرے۔