یورپی یونین کے رہنما ترکی پر پابندی عائد کرنے پر متفق

Turkey

Turkey

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کی جانب سے یونان اور قبرص سے ملحق بحیرہ روم کے پانیوں میں گیس کی تلاش کے متنازعہ اقدامات کے خلاف یورپی یونین کے رہنما انقرہ کے خلاف محدود پابندیاں عائد کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔

برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں کی اعلیٰ سطحی کانفرنس کے دوران جمعے کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے رہنما یونان اور قبرص کے ساحل سے دور پانیوں میں انقرہ کی جانب سے قدرتی گیس کی تلاش کے لیے غیر قانونی ڈریلنگ کی وجہ سے ترکی کے خلاف زیادہ جامع مگر محدود پابندیوں کے ابتدائی اقدامات پر متفق ہوگئے ہیں۔

ترکی نے اگست میں قدرتی گیس کی تلاش کے لیے اپنے جہاز اورک ریز کو بحیرہ روم کے ان علاقوں میں تعینات کیا تھا جن پر قبرص اور یونان اپنا دعوی کرتے ہیں۔ ترکی کے اس اقدام سے یورپی یونین کے ساتھ سفارتی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی یورپی یونین ترکی پر خطے میں گیس کی تلاش کو بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے اقدامات پر غور کرتی رہی ہے۔

یورپی یونین کے تازہ ترین فیصلے سے گیس کی تلاش کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں شامل ترکی کی مخصوص شخصیات اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔ اب ان افراد اور کمپنیوں پر یورپی یونین میں سفری پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں اور ان کے اثاثے منجمد کیے جاسکتے ہیں۔

ترکش پٹرولیم کارپوریشن کے نائب صدر اور تیل کی تلاش سے متعلق اس کے شعبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پہلے سے ہی یورپی یونین کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ نئی پابندیوں کے بعدمزید افراد اور تنظیمیں اس فہرست میں شامل ہوجائیں گی۔ ان افراد اور تنظیموں کے نام فی الحال نہیں بتائے گئے ہیں۔

برسلز میں جاری بیان میں کہا گیا ہے ”افسوس کی بات ہے کہ ترکی یک طرفہ کارروائی اور اشتعال انگیزی نیز یورپی یونین، یورپی یونین کے رکن ممالک اور یورپی رہنماؤں کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں۔”

تاہم ترکی کے خلاف پابندیوں کی ان تجاویز میں ہتھیاروں پر پابندی یا ایسی کوئی پابندی شامل نہیں ہے جس سے ترکی کی معیشت کے بڑے شعبے متاثرہوں۔ یہ دونوں چیزیں فی الحال زیر غور ہیں۔

یونان، یورپی یونین سے ترکی کے خلاف زیادہ سخت اقدامات کرنے پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ یونانی وزیر اعظم کیریاکوس متسوتاکس نے چوٹی کانفرنس سے قبل جمعرات کے روز کہا تھا کہ ‘یورپی یونین کا اعتبار سوالوں کے زد میں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے رہنماؤں نے اکتوبر میں سابقہ چوٹی کانفرنس کے دوران وعدہ کیا تھا کہ اگر ترکی نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یورپی یونین کے رہنماؤں نے مستقبل میں زیادہ سخت اقدامات کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسیپ بوریل کو یورپی یونین اور ترکی کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کرنے کے لیے کہا ہے تاکہ مارچ2021 ء میں یورپی یونین کے رہنماؤں کی چوٹی کانفرنس میں انقرہ کے خلاف کارروائی میں ‘توسیع کے امکانات‘ پر غور کیا جاسکے۔

اکتوبر میں منعقدہ یورپی یونین کے رہنماؤں کی پچھلی چوٹی کانفرنس میں ترکی کو مشرقی بحیرہ روم میں ‘اپنی غیر قانونی سرگرمیاں روک دینے‘ کی شرط پرانقرہ کو ایک ‘مثبت سیاسی یورپی یونین۔ ترکی ایجنڈے‘ کے حصے کے طور پر تجارتی اورکسٹم کی سہولیات دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔

برسلز میں جمعے کے روز منعقدہ چوٹی کانفرنس میں یورپی رہنماؤں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر ترکی مذاکرات اور مصالحت پرآمادگی ظاہر کرتا ہے تو یہ پیشکش برقرار رہے گی۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ”ترکی کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا کوئی فیصلہ ہمارے لیے زیادہ فکرمندی کی بات نہیں ہے۔”

دوسری طرف ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوگلو کا کہنا تھاکہ یورپی یونین بحیرہ روم میں قدرتی گیس کی تلاش کی وجہ سے پیدا شدہ علاقائی تنازعے کو حل کرنے کے لیے ‘کامن سینس‘ کا استعمال کرے۔