واشنگٹن (جیوڈیسک) یورپ اور امریکا میں برفباری نے نظام زندگی منجمد کر دیا، امریکا میں موسمی امراض اور مختلف حادثات میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
اٹلی کے شمالی اور وسطی حصے شدید برفباری کی زد میں ہیں، تیز رفتار ہواؤں اور آسمان سے گرتی برف نے گھروں، درختوں، شاہراہوں اور راستوں کو کئی انچ برف سے ڈھک دیا ہے، جس کے باعث ٹریفک اور ریل سروس متاثرہے، متعدد اسکول بند کر دیے گئے ہیں، آئندہ چند روز میں تیز بارشوں کا بھی امکان ہے۔
سوئیڈن میں بھی شدید برفباری کے بعد برف کے طوفان کی وارننگ جاری کردی گئی ہے، برفانی طوفان نے ملک کے شمالی علاقوں کو ساڑھے تین فٹ سے زائد برف کے نیچے چُھپا دیا ہے، برف کے طوفان نے امریکا کی وسط مغربی ریاستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
سات روز کے دوران بوسٹن میں ساڑھے تین اور شکاگو میں تقریباً 2 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، محکمہ موسمیات نے آج اور اتوار کو مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔