یورپ میں شدید برفباری، مسافروں نے ائیرپورٹ پر ہی ڈیرے ڈال لئے

Passengers

Passengers

فرانس (جیوڈیسک) شدید سردی اور مسلسل برفباری نے گزشتہ کئی روز سے امریکا، چین، فرانس اور یورپ کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید برف نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔

سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خراب موسم کے باعث سیکڑوں پروازیں ملتوی کر دی گئیں جس پر مسافروں نے ائیرپورٹس پر ہی ڈیرے ڈال لئے۔ برفباری نے چین میں خوب رنگ جما رکھا ہے۔

چینی شہر ہربن میں برفباری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوبصورت سنو فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی فرانسیسی پہاڑی علاقے فرنچ ایپس میں بھی ہرطرف برفباری کا راج ہے۔ شاہراہوں پر برف جمنے کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق علاقے میں پندرہ ہزار گاڑیاں کئی روز سے پھنسی ہوئی ہیں۔ گاڑیوں میں پھنسے افراد کو امداد کی فراہمی جاری ہے۔ سوئٹرز لینڈ، اٹلی، جرمنی، اور بلغاریہ میں کرسمس کے بعد برفباری نے شدت اختیار کر لی۔ کئی ممالک میں پہاڑوں پر کئی کئی انچ موٹی برف کی تہہ جم چکی ہے۔