لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ برطانیہ اوردیگریورپی ممالک میں مقیم پاکستانی وہاں کے قوانین کامکمل احترام کریں۔
اپنے بچوں کو انتہاپسند تنظیموں سے دوررکھیں اورانھیں اچھی سے اچھی تعلیم دلاکر معاشرے کامفید شہری بنائیں۔ ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں الطاف حسین کی صاحب زادی افضاء الطاف کی 13 ویں سالگرہ کاکیک کاٹا گیا۔ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں جشن کا سماں تھا، کارکنوں نے تنظیمی نغموں پر ر قص اور زوردارنعرے لگا کراپنے جوش وخروش کااظہارکیا، الطاف حسین نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے برطانیہ اوریورپ میں آبادپاکستانیوں سے خاص طورپرمخاطب ہوکرکہاکہ وہ اپنے بچوں کواسلام کی بنیادی تعلیم ضروردلائیں لیکن ایسی انتہاپسند تنظیموں سے دوررکھیں جواسلام کا نام لے کر بچوں کواپنے ہی کلمہ گو مسلمانوں کاخون بہانے کادرس دیتی ہیں، دراصل یہ انتہاپسند تنظیمیں ان قوتوں کی آلہ ء کارہیں جواسلام اورمسلمانوں کاچہرہ دنیا کے سامنے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے ساتھ مل کرٹی وی پر پاکستان اورساوٴتھ افریقہ کے درمیان ہونے والا کرکٹ ورلڈکپ کااہم میچ بھی دیکھا۔