یورپ ہم سے رکنیت کی آنکھ مچولی کا کھیل بند کرے : ترک صدر

Rajab Tayyip Erdoğan

Rajab Tayyip Erdoğan

ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین، سن 1963 سے ترکی کے ساتھ مسلسل رکنیت کی آنکھ مچولی کھیل رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات ٹی آر ٹی ورلڈ فورم کے ایک اختتامی پینل سے خطاب کے دوران کہی جس کا عنوان “بکھرتی دنیا میں انصاف کی تلاش” تھا ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حالات مجھے اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ یورپی یونین جلد ہی بکھر جائے گی ۔

ترک صدر نے کہا کہ سن 1963 سے یورپی یونین ہمارے ساتھ رکنیت کی آنکھ مچولی کھیل رہی ہے ۔اس نے ایسے ممالک کو رکنیت دے دی جن کا مقابلہ ترکی سے کرنا حماقت ہوگی ۔

ان کا کہنا تھا کہ کوپن ہیگن معاہدے کی تمام شرائط ہم پوری کر چکے ہیں مگر رکنیت کے بارے میں یونین کسی قسم کی پیش قدمی سے عاری ہے یورپی یونین ہمیں امید دینے کے بجائے مسلسل مختلف بہانوں اور راستوں کا سہارا لیتے ہوئے ہمیں متبادل ذرائع دکھانے میں مشغول ہے لیکن ہم نے واضح کر دیا ہے کہ رکنیت کے علاوہ دیگر متبادل ہمیں قبول نہیں ۔

یورپی یونین ہمیں رکنیت دینے یا نہ دینے کے معاملے میں اپنا موقف بتا دے تو یہ بہتر ہوگا مگر انہوں نے یہ معاملہ معلق رکھا ہوا ہے۔

ایردوان نے مزید کہا کہ یہ یاد رکھا جائے کہ ترکی یورپی یونین کےلیے اور یونین ہمارے لیے مفید ثابت ہوگی البتہ یہ ضرور ہے کہ اگر یونین نے ہماری رکنیت کےلیے رائے دہی کا سہارا لیا تو ہم بھی اپنی عوام کے سامنے ریفرنڈم کی پیشکش کریں گے۔