ماسکو (جیوڈیسک) ایجنسیاں امریکا، یورپ اور روس سمیت کئی دوسرے ممالک نے تازہ سائبر حملوں کا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حال ہی میں امریکا، یورپ اور روس کے کئی اداروں اور کمپنیوں پر سائبر حملے کیے گئے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سائبر حملوں کی زد میں آنے والے اداروں میں روسی بنک اور امریکا کی ایک ادویہ ساز کمپنی ’میرک‘ بھی شامل ہے۔
’میرک‘ کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیکروں کی جانب سے کمپنی کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میرک امریکا کی پہلی ادویہ ساز کمپنی ہے جو سائبر حملوں کا نشانہ بنی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی کمپنی کے علاوہ روس، یوکرائن، یورپی ممالک اور بحر اوقیانوس کے ممالک کے اداروں اور کمپنیوں پر بھی سائبر حملے کئے گئے ہیں۔
’میرک‘ کی طرف سے ’ٹویٹر‘ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے کمپیوٹر نیٹ ورک کو ہیک کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ اس حوالے سے جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں تو انہیں جاری کیا جائے گا۔
منگل کو روس کے مرکزی بنک نے بھی ایک بیان میں بتایا کہ اس کا خصوصی کمپیوٹر سسٹم کچھ دیر کے لیے ہیک کیا گیا۔ بنک کا کہنا تھا کہ روس میں پورے بنکنگ سسٹم کے کمپیوٹرنظام کو ہیک نہیں کیا گیا۔ وہ دوسرے بنکوں کے ساتھ مل کر تازہ سائبر حملےکےنتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکال رہے ہیں۔