یورپی تجارتی مراعات کیلئے نجی شعبہ متحرک، پیداواری گنجائش بڑھانے کیلیے سرمایہ کاری تیز

European Union

European Union

کراچی (جیوڈیسک) توانائی کے بحران اور سیکیوریٹی مسائل کے باوجود بینکنگ انڈسٹری کی جانب سے نجی شعبے کے قرضوں کے اجرا کی رفتار 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، نجی شعبے میں سب سے زیادہ قرضے ٹیکسٹائل اور پاور سیکٹر کے لیے حاصل کیے گئے۔

ماہرین کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس (تجارتی مراعات) کی سہولت کے لیے استعداد کار میں اضافے، صلاحیت و معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکسٹائل سیکٹر نے پہلے سے تیاریاں شروع کر دی تھیں۔

دوسری جانب ملک میں ہائیڈل اور کول بیس پاور پلانٹس کی تنصیب کے لیے سرگرمیاں تیز ہونے سے اس شعبے میں بھی نجی قرضوں کی طلب بڑھ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ نجی شعبوں کے لیے جاری کردہ مجموعی قرضوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ 19 فیصد اور پاور سیکٹر کا حصہ 8 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔