اٹلی (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے سرکاری اعداد و شمار کی روشنی میں مرتب کردہ ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کرونا وباء کے نتیجے میں یورپی ممالک میں اب تک دو لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق منگل 24 مارچ تک دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 1285 ہوگئی ہے۔ اس مہلک بیماری سے اب تک 18 ہزار 40 افراد موت سے ہم کنار ہو چکے ہیں۔ چین میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 3277 اور متاثرین کی 81 ہزار 171 ہے۔ اٹلی میں 6820 افراد ہلاک اور 69 ہزار 176 متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا کے جاری کردہ اعدادو شمار اصل تعداد سے کہیں کم ہیں کیونکہ یورپی ممالک میں ہزاروں افراد کا طبی معائنہ کیا جا ہا ہے اور نئے کیس سامنے آنے کا امکان ہے۔
منگل کے روز اٹلی میں نئے کیسز میں پچھلے دنوں کی نسبت کمی دیکھی گئی۔ کل منگل کے روز عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ امریکا کرونا سے متاثرہ ہونے والا نیا ملک بن سکتا ہے۔ عالمی ادارے نے امریکا میں کرونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔