یورپی عدالت کی طرف سے پولینڈ کو ایک ملین یورو روزانہ جرمانہ

Protest

Protest

وارسا (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی عدالت انصاف نے پولینڈ کو اپنے ہاں قانون کی بالا دستی کی نفی کرنے پر روزانہ ایک ملین یورو جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ یہ حکم ایسے مقدمے میں سنایا گیا، جس کی وجہ پولش سپریم کورٹ میں قائم ججوں کے لیے تادیبی چیمبر بنا۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے بدھ ستائیس اکتوبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وارسا حکومت نے ملکی سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے اسی عدالت عظمیٰ میں جو خصوصی چیمبر قائم کر رکھا ہے، وہ یونین کے رکن اس ملک میں قانون کی بالا دستی کے ضوابط کے صریحاﹰ منافی ہے۔

یورپی یونین کی عدالت انصاف یا CJEU نے وارسا حکومت سے کہا تھا کہ وہ پولش سپریم کورٹ میں ججوں کے لیے بنائے گئے تادیبی چیمبر کو معطل کرے۔ لیکن وارسا نے ایسا نہ کیا۔ اسی لیے اب اس معاملے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے یورپی عدالت نے پولینڈ کو روزانہ ایک ملین یورو (1.16 ملین ڈالر) کے حساب سے جرمانہ کر دیا ہے۔

یورپی یونین کا ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ کئی کلیدی معاملات میں اس بلاک کے رکن ممالک یورپی قوانین اور فیصلوں پر عمل درآمد کے پابند ہوتے ہیں۔ پولینڈ میں گزشتہ چند برسوں سے حکمرانوں کی سیاسی سوچ اور یونین سے متعلق ان کے رویوں کے باعث دیکھنے میں آیا ہے کہ وارسا حکومت بہت سے معاملات میں اپنی من مانی کرتی ہے، حالانکہ اس کے کئی اقدامات یورپی معیارات کے منافی ہوتے ہیں۔

اسی پس منظر میں وارسا اور برسلز کے مابین تعلقات نہ صرف کئی حوالوں سے کھچاؤ کا شکار ہیں بلکہ مستقبل میں ان میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا بھی قوی خدشہ ہے۔

یورپی یونین کی ایک بنیاد قانون کی بالا دستی کو تسلیم کرنا بھی ہے۔ مطلب یہ کہ اس بلاک میں عدالیہ کو ہر حوالے سے قطعی آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے۔ لیکن وارسا حکومت نے گزشتہ کچھ عرصے سے ملکی عدلیہ میں جو متنازعہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں، یورپی یونین کا الزام ہے کہ ان سے پولستانی عدلیہ کی خود مختاری متاثر ہوئی ہے۔

اس بارے میں وارسا اور برسلز کے اختلافات اس سال اور بھی شدید ہو گئے اور اب یورپی عدالت انصاف نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس تنازعے میں یونین کو حق بجانب اور پولستانی حکومت کو غلط ثابت کر دیا ہے۔

پولینڈ اپنی آبادی اور معیشت کے حجم کے حوالے سے یورپی یونین کی رکن سب سے بڑی مشرقی یورپی ریاست ہے۔ یورپی عدالت انصاف کے مطابق وارسا حکومت کو ملکی سپریم کورٹ میں قائم کردہ وہ تادیبی چیمبر لازمی طور پر معطل کرنا چاہیے، جس کے ذریعے ججوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی خود مختاری بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ماضی قریب میں وارسا حکومت کی طرف سے یونین کو بتایا گیا تھا کہ پولش سپریم کورٹ کا متنازعہ چیمبر ختم کر دیا جائے گا مگر ایسا ملک میں جامع اور وسیع تر اصلاحات کے دوران کیا جائے گا۔ اس وعدے کے باوجود کافی عرصے بعد تک وارسا حکومت نے ایسا نہ کیا اور اب یورپی عدالت انصاف نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

CJEU کے جاری کردہ ایک بیان میں بدھ ستائیس اکتوبر کے روز کہا گیا، ”آج سنائے جانے والے اپنے فیصلے میں اس عدالت کے نائب سربراہ نے حکم دیا کہ پولینڈ روزانہ ایک ملین یورو جرمانہ ادا کرے۔ اس جرمانے کی ادائیگی اس تاریخ سے شروع ہو گی، جس دن اس عدالت نے وارسا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔‘‘

پولینڈ کے نائب وزیر انصاف سباستیان کالیٹا نے اس عدالتی فیصلے پر اپنے رد عمل میں غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ پولینڈ کے بارے میں ”سزاؤں اور بلیک میلنگ کا راستہ درست راستہ نہیں ہے۔‘‘