یروشلم (جیوڈیسک) یورپی یونین نے اسرائیلی مصنوعات کے حوالے سے نئے اصول جاری کئے ہیں جس کے تحت اسرائیل کی نوآباد بستیوں میں تیار کی گئی مصنوعات پر الگ لیبل لگائے جائیں گے۔
اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اور توسیع پسندانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں 1948 میں اپنے نا جائز قیام کے بعد ہی سے اسرائیل، فلسطینی اور عرب ممالک کے حصوں کو اپنی حدود میں شامل کر رہا ہے۔
یورپی یونین نے اسرائیل کی نو آباد بستیوں میں تیار کردہ مصنوعات پر لیبل لگانے کے نئے رہنما اصول وضع کر دئیے ہیں، نئے اصولوں کے تحت اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں تیار کیے جانے والی مصنوعات پر الگ لیبلز لگائے جائیں گے اس فیصلے سے اسرائیل کو تجارتی حوالے سے بڑا دھچکہ لگا ہے۔
یورپی یونین اسرائیل کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، اسرائیل نے اس فیصلے کے خلاف بطور احتجاج یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے کئی اجلاس منسوخ کر دیئے ہیں۔
دوسری طرف یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ان کا یہ اقدام سیاسی نہیں بلکہ خالص فنی مسئلہ ہے، 1967 میں چھ روزہ لڑائی کے دوران اسرائیل نے مغربی کنارے مشرقی یروشلم غزہ کی پٹی اور گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کیا لیکن یہ علاقے بین الااقوامی طور پر اسرائیلی حدود تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں۔