یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے نتائج آنا شروع

European Parliament

European Parliament

لندن (جیوڈیسک) یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے نتائج آنا شروع ہوگئے، دائیں بازو کی جماعت یورپین پیپلز پارٹی کو واضح اکثریت ملنے کا امکان ہے۔ برطانیہ سے تین پاکستانی نژاد رہنما بھی یورپی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔

یورپی یونین کے 28 رکن ممالک میں یورپی پارلیمنٹ کی 751 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ایگزٹ پول کے مطابق یورپین پیپلزپارٹی 211 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آسکتی ہے، سوشلسٹ پارٹی 193 سیٹوں کیساتھ دوسرے اور یورپی اتحاد کی مخالف پارٹیوں کو 130 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔

ان انتخابات میں 28 رکن ممالک میں پارٹی پوزیشن تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے۔ فرانس میں ابتدائی نتائج کے مطابق قدامت پسند تنظیم نیشنل فرنٹ کوسب سے زیادہ نشستیں ملنے کاامکان ہے۔ امیگریشن کی مخالف جماعت کو 74 میں سے 26 سیٹیں ملنے کی توقع ہے جبکہ حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی کو شکست کا سامنا ہے، فرانسیسی وزیراعظم نے ممکنہ نتائج کو سیاسی زلزلہ قراردیا ہے۔

برطانیہ میں یورپی یونین کی مخالف یونائیٹڈ کنگ ڈَم انڈی پینڈنٹ پارٹی کو واضح کامیابی ملنے کاامکان ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق برطانیہ سے 3 پاکستانی نژاد رہنما بھی کامیاب ہوئے ہیں جن میں بریڈ فورڈ سے کنزرویٹوپارٹی کے سجاد کریم ، مانچسٹر سے لیبر پارٹی کے افضل خان اور لیڈز سے یونائیٹڈ کنگ ڈَم انڈی پینڈنٹ پارٹی کے امجد بشیر شامل ہیں۔

سجاد کریم تیسری بار یورپی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ اسپین کی دو بڑی جماعتوں کو شکست کا سامنا ہے جبکہ یورپی یونین مخالف تنظیم کو بڑی کامیابی ملنے کاامکان ہے۔ اٹلی میں بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔