یورپی پارلیمنٹ جیمز ایلس سمیت تنظیم کے دیگر ممبران یورپی پارلیمنٹ کا کلیدی کردار ہے۔ چوہدری اشفاق

میرپور : پاکستان کو جی ۔ایس ۔پی پلس کادرجہ دلوانے میں کشمیر یورپین فورم برطانیہ ویورپ کے صدر ممبر یورپی پارلیمنٹ جیمز ایلس سمیت تنظیم کے دیگر ممبران یورپی پارلیمنٹ کاکلیدی کردار ہے یہ بات کشمیر یورپین فورم برطانیہ ویورپ کے کوارڈنیٹر برائے جموں وکشمیر چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ نے پاکستان کو یورپی پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت سے جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے پر اپنے آفس چیمبر میں میڈیاکے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریورپین فورم برطانیہ ویورپ یورپی پارلیمنٹ میں سب سے بڑی تنظیم ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے ،مسئلہ کشمیر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور پاکستان کے یورپی ممالک کے ساتھ بہتر دوستانہ ،معاشی اور معاشرتی تعلقات کے قیام کیلئے مصروف عمل ہے تنظیم کے صدر ممبر یورپی پارلیمنٹ جیمز ایلس پاکستان اور کشمیر سے مخلص ہیں اور ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو پاکستان میں امن وخوشحالی سے تعبیر کرتے آرہے ہیں جیمز ایلس مقبوضہ کشمیر ،پاکستان اور آزادکشمیر کا دورہ کرچکے ہیں اوریہاں کے حالات ،واقعات سے بخوبی آگاہ ہیں جنہوں نے کشمیر یورپین فورم کے دیگر عہدیداران وممبران یورپی پارلیمنٹ کی معاونت سے بھرپور انداز میں لابنگ کی اور پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں نمایاں کردار ادا کیاجس پر وہ اور ان کے ساتھی ممبران یورپی پارلیمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں کشمیریورپین فورم برطانیہ ویورپ کے کوارڈنیٹر برائے جموں وکشمیر چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کو یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے اقتصادی ترقی میںمدد ملے گی۔

ملکی معیشت مضبوط ہوگی اور برآمدات میں اضافے سے قومی خزانہ بڑھے گا جس سے ملکی کرنسی بہتر اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئے گی چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیر یورپین فورم جلد ہی ایک اجلاس کاانعقاد کرکے ممبر یورپی پارلیمنٹ جیمز ایلس اور تنظیم کے دیگر ممبران یورپی پارلیمنٹ کو مدعو کرکے ان کی کاوشوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والے اس شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرے گا ۔اس اجلاس میں پاکستانی ہائی کمشنر اور برطانوی ویورپی ممبران چیمبر آف کامرس کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی۔