جس طرح کا ملک میں نظام ہے کبھی بھی حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی
Posted on October 11, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
مصطفی آباد : جس طرح کا ملک میں نظام ہے کبھی بھی حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی، اس نظام کے تحت ملک میں اگلے الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی ایک انگھوٹھے کے نشان سے 35 ووٹ کاسٹ کئے گئے، جس کی شناخت بھی موجود ہے لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ کیا دھاندلی کرنے والا اسمبلی میں آکر پاک صاف ہو جائے گا اور وہ کرپشن ختم کردے گا، جن لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے انہیں کٹہروں میں لایا جائے۔ الیکشن میں دھاندلیوں کے خلاف ٹریبیونلز تشکیل دیئے گئے لیکن ٹریبیونلز کا ریکارڈ نکال کر دیکھا جائے کہ وہاں کتنے فیصلے ہوئے، ٹریبیونلز میں دھاندلی کے 400 سے زائد کیسز پڑے ہیں جس میں 64 صرف تحریک انصاف کے ہیں۔ اگر ملک میں اسی طرح کے الیکشن کروانے ہیں تو کبھی حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی، سارے ڈکٹیٹر ایسے الیکشن کرواتے تھے۔
تبدیلی اور جمہوریت صاف اور شفاف الیکشن سے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے قانونی راستہ دیکھ رہے ہیں اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر جا کر انصاف لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی مل کر نیب کا سربراہ لارہے ہیں، اس میں تحریک انصاف سے مشاورت نہیں کی گئی، یہ لوگ آپس میں بات چیت کررہیں تو یہ ایک دوسرے کا احتساب کیسے کریں گے، دوسری جانب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے آصف زرداری کی بہن کی سفارش کی جارہی ہے اس طرح پچھلے 5 سال کی کرپشن کو کون پکڑے گا۔