اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے بعد ڈیری مصنوعات، دہی، مکھن، ہر قسم کی پنیر، شہد، پائن ایپل، مچھلی، سبزیوں، پھلوں اور مشرومز پر ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔ میک اپ کی تمام درآمدی مصنوعات پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
شیمپو، نیل پالش، ہیئر کلر، لپ سٹکس اور برقی مصنوعات پر ڈیوٹی بڑھا کر 10 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ شیونگ کے سامان پر پانچ فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق لکڑی اور پلاسٹک کے درآمدی فرنیچر پر بھی ڈیوٹی بڑھا کر 10 فیصد کر دی گئی ہے۔ سٹیل کی درآمدی مصنوعات پر 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرک اوون اور مائیکرویوز بھی مہنگے کر دیئے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے نوٹیفیکشن کے مطابق ایگزاسٹ، ٹیبل اور سیلنگ فین پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جبکہ سیٹلائٹ ڈش رسیورز کیلئے استعمال ہونیوالے آلات پر 5 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ تمام اقسام کی آٹو میٹک مشینوں پر بھی ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔ نئے نوٹیفیکشن کے تحت موبائل فونز پر دو سو روپے فی موبائل ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔