اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ واحتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ لیگی قیادت کو چیلنج ہے کہ وہ براڈ شیٹ کیس میں میرے متعلق الزامات بارے ثبوت ہیں تو وہ لندن میں پولیس کو تحقیقات کیلیے درخواست دیں۔
مشیر برائے داخلہ واحتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب اور ان کے بڑوں کو چیلنج ہے کہ وہ 72 گھنٹوں کے دوران براڈ شیٹ کیس میں میرے متعلق الزامات بارے ثبوت ہیں تو وہ لندن میں پولیس کو تحقیقات کیلیے درخواست دیں۔ براڈ شیٹ کیس میں کہاں غفلت ہوئی تحقیقات کیلیے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ این آر او یا ڈیل سے ہمیشہ دو جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچا۔
ایوان وزیراعلی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ واحتساب شہزاد اکبر نے کہاکہ براڈ شیٹ کیس میں بھی سیاسی اشرافیہ ہی بے نقاب ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جاننا چاہتے ہیں کس نے کب کب این آر او لیا اور کون کون سا کیس بند کروانے کی کوشش کی گئی۔ (ن) لیگ کا المیہ ہے کہ وہ فیصلہ پڑھے بغیر مٹھائیاں کھا کھاکر شوگر کروا لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب بتائیں براڈ شیٹ کیس میں کس فرم کو ہائر کیاگیاانجم ڈار نے رشوت دینے کی کوشش کی پھر خود ہی مکر گئے۔