سابق ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے گذشتہ روز بتایا کہ 11 مئی کے الیکشن کسی طور پر بھی ملتوی نہیں ہونے چاہئیں
Posted on April 16, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
چکوال (اعجازبٹ) سابق ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے گذشتہ روز بتایا کہ 11 مئی کے الیکشن کسی طور پر بھی ملتوی نہیں ہونے چاہئیں بے شک پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم اور اے این پی کو اپنی انتخابی مہم چلانے میں دشواریاں ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ تمام اُمیدواروں کو سیکورٹی فراہم کریں۔
وہ کوٹ چوہدریاں میں سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس کی رہائش گاہ پر اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم چکوال سردار آفتاب اکبر، حافظ عمار یاسر اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں اپنے گھر آیا ہوں۔ گذشتہ عرصے میں سردار غلام عباس اور ہمارے درمیان کچھ غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں.
مگر اب کچھ مخلصانہ دوستوں کی کوششوں سے ہمارا بھائی چارہ پھر قائم ہوا ہے اور 11 مئی کے الیکشن میں ضلع چکوال سے سردار غلام عباس کی قیادت میں بھرپور نتائج دیں گے۔ قبل ازیں چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ق) ضلع چکوال کے کوآرڈی نیٹر چوہدری محمد علی خان کی ہمشیرہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر چوہدری باقر علی، چوہدری ناصر علی، چوہدری تیمور علی، چوہدری نوشاد علی، چوہدری محمد اسلم، چوہدری ذوالفقار علی بھی موجود تھے۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے 95 فیصد مرحلہ طے ہو گیا ہے، باقی 5 فیصد بھی ایک دو روز میں طے کر لیں گے جس میں ضلع چکوال بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے پورے پنجاب کا بجٹ 27 کلومیٹر سڑک کے ٹکڑے میٹرو بس منصوبے پر خرچ کر دیا جو کہ ایک ناکام منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں پنجاب کو ایک ماڈل اور خوشحال صوبہ بنایا مگر شریف برادران نے گذشتہ 5 سالوں میں ہمارے جاری شدہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک دئیے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ الیکشن کسی طور پر بھی ملتوی نہیں ہونے چاہئیں اور تمام تر مشکل حالات کے باوجود ہم بھرپور الیکشن لڑیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی پورے پروٹوکول کے ساتھ ایلیٹ فورس اور کمانڈوز کے حصار میں چوہدری محمد علی خان کی رہائش گاہ پہنچے۔