سابق صدر پرویز مشرف کو پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آبادسابق صدر پرویز مشرف کو ان کے گھر سے پولیس ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ہے، ٹرانزٹ ریمانڈ کے تحت ملزم کو صرف پولیس اسٹیشن پر رکھا جانا ضروری ہے،جبکہ پرویزمشرف کو اس کے برعکس چک شہزاد فارم ہاوس لے جایا گیاتھا، اِس لئے قانونی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اب پرویز مشرف کو چک شہزادمیں واقع ان کے گھر سے پولیس ہیڈکوارٹرمنتقل کیا گیا ہے۔

پرویز مشرف کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آج یا کل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔اِس سے قبل سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویزمشرف کو آج صبح گرفتار کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔مختصر سماعت کے بعد عدالت نے تحریری حکم میں پرویز مشرف کا دو روزہ راہداری ریمانڈ دینے کا فیصلہ سنایا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی طرف سے پرویز مشرف کی گرفتاری 18 اپریل کو ظاہر کی گئی اور ان کا14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مانگا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ پولیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرے اور عدالتی حکم پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل کر کے رپورٹ دی جائے۔