اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد سابق حکمرانوں کی غیرمعمولی سیکیورٹی پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی،اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، آئی جی سندھ جواب داخل کریں گے،رجسٹرار سپریم کورٹ نے ذرائع رپورٹس کے حوالے سے چیف جسٹس کو ایک نوٹ بھیجا تھا۔
نوٹ میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے حکومت کے آخری روز اپنی اور یوسف رضا گیلانی کی غیر معمولی سیکیورٹی کا حکم دیا۔ رحمان ملک سمیت تمام سابق وزرائے داخلہ کی لامحدود سیکیورٹی اور مراعات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
دو نجی بلوں کے ذریعے سندھ کے وزیراعلی ، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور ارکان کے لئے تاحیات مراعات کا اعلان کیا گیا۔ اس معاملے پر از خود نوٹس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔سماعت کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں5 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے ۔ اٹارنی جنرل پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور آئی جی پولیس جواب داخل کریں گے۔