ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل، ایف آئی اے کو اہم شواہد مل گئے

Axact

Axact

کراچی (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو ایگزیکٹ کمپنی کے جعلی ڈگریوں کے اجرا میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شواہد مل گئے اور اس نے ابتدائی رپورت تیار کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹ کمپنی جعلی ڈگریوں کے اجرا میں مبینہ طورپر ملوث پائی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم آج رات وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو رپورٹ ارسال کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی کی ٹیموں نے کراچی اور اسلام آباد میں ڈی جی ایف آئی اے کو شواہد سے آگاہ کر دیا ہے جس کے باعث اگلے چوبیس گھنٹے میں ایگزیکٹ آئی ٹی کمپنی کیخلاف مقدمہ درج کئے جانے کا امکان ہے۔ ادھر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے ایگزیکٹ کمپنی کے خلاف جعلی ڈگری اسکینڈل کے معاملے پر ایف آئی اے کا اجلاس کل طلب کیا ہے۔

اجلاس شام جار بجے پنجاب ہاوس اسلام آباد میں ہو گا جس میں ڈی جی ایف آئی اے، وفاقی تحقیقاتی ادارے کی سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹرز اور تفتیش کار اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کے بعد وزیر داخلہ میڈیا سے بات چیت کریں گے جس میں اہم انکشافات کئے جانے کا امکان ہے۔