اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی نہیں کی جا رہی لیکن صنعتوں کو سستی گیس نہیں دے سکتے، اس وقت زر مبادلہ کے ذخائر 3 ارب 40 کروڑ ڈالرز ہیں۔ سینیٹ میں پالیسی بیان اور بعد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قیمت بہت کم ہے۔
صنعتیں 6 روپے کی گیس سے بجلی بنا کر 14 روپے فی یونٹ بیچ رہی ہیں، چاہتے ہیں کہ سستی گیس صنعتی شعبے کو نہ دی جائے، اس سے 53 ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کے نرخ بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک ہفتے میں زر مبادلہ کے ذخائرمیں 40 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ اسحاق ڈار نے ایک سوال پر بتایا کہ بے نظیر بھٹو کی وفات کے وقت جن 150 ٹرک مالکان کو نقصان ہوا تھا انہیں 24 کروڑ 25 لاکھ روپے کا معاوضہ 31 دسمبر سے پہلے ادا کر دیا جائے گا۔