راولپنڈی (جیوڈیسک) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے راولپنڈی میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف آپریشن کے دوران 80 لاکھ روپے کی 243 نادہندہ جائیدادیں سربمہر کر دیں جس کے بعد مالکان جائیداد کی جانب سے 31 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرادئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز رائو شکیل الرحمان خان اور ای ٹی او پراپرٹی محمد یوسف کی نگرانی میں گزشتہ روز 22 ٹیموں نے شہر بھر میں آپریشن کے دوران پراپرٹی ٹیکس نادہندہ 243 جائیدادیں سربمہر کیں جن کے ذمہ 80 لاکھ روپے ٹیکس واجب الادا تھا، جائیدادیں سیل ہونے پر زیادہ تر مالکان نے بینکوں کا رخ کیا اور 31 لاکھ روپے ٹیکس جمع کرایا گیا۔
جن انسپکٹروں نے اپنے علاقوں میں ٹارگٹ پورا نہیں کیا انہیں ڈائریکٹر ایکسائز نے رات بھر ریکوری مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی، ایکسائز ذرائع کے مطابق یہ آپریشن آج اور کل بھی جاری رہے گا۔