پھانسیوں پر عمل درآمد بند کیا جائے، بان کی مون

Ban Ki Moon

Ban Ki Moon

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے وزیرِ اعظم نواز شریف پر زور دیا ہے کہ پھانسیوں پر عمل درآمد بند کر کے اس پر عائد پابندی بحال کی جائے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ مسٹر بان کی مون نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے بات کی ہے اور انھیں کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لیں۔ بان کی مون نے جمعرات کو وزیراعظم کو فون کر کے پشاور میں بچوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیاتھا۔

بان کی مون کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ، اس مشکل صورتِ حال کو پوری طرح سے سمجھتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پھانسیاں بند کر کے سزائے موت کے عمل درآمد پر عائد پابندی دوبارہ نافذ کی جائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نواز شریف نے جواب میں کہا کہ، تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ اس سے قبل یورپی یونین کے اسلام آباد مشن نے بھی پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ موت کی سزاؤں پر عمل درآمد روک دے۔