اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ایگزیکٹ اور خانانی اینڈ کالیا کیس کی مزید تحقیقات کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد کی سربراہی میں قائم دو نوں کمیٹیاں چار افسران پر مشتمل ہوں گی، کمیٹیوں کے قیام کا مقصد ان دو اہم مقدمات کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچانا اور حقائق کی چھان بین ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 2008ءمیں شروع کیے گئے خانانی اینڈ کالیا کیس کی تفتیش سابقہ دورِ حکومت میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دی گئی اور اس کیس کا سارا ریکارڈ ضائع کر دیا گیا۔
ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل میں تفتیشی افسر کی بیماری کی وجہ سے معاملے کی تفتیش متاثر ہوئی۔