ورزش کیجیے سوزش مٹائیے

Exercise

Exercise

جہاں ورزش کے بے شمار فوائد ہیں وہیں اب نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ورزش جسم کے کسی حصے میں جلن اور سوزش (انفلیمیشن) کو کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین سوزش کو بہت خطرناک تصور کرتے ہیں کیونکہ یہ کئی امراض کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے جن میں امراضِ قلب سے لے کر کینسر تک شامل ہیں۔

اس سے قبل ورزش کو ذیابیطس اور امراضِ قلب کو روکنے، میٹابولزم ٹھیک کرنے اور پٹھوں و عضلات کی مضبوطی میں اہم تصور کیا جاتا رہا ہے لیکن اب تحقیق سے واضح ہوا ہے کہ ورزش جسمانی جلن کو بھی کم کرتی ہے اورجسم کے قدرتی دفاعی نظام کو بہترحالت میں رکھتی ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا نے اپنی ایک رپورٹ برین، بیہیویئر اینڈ امیونٹی نامی جرنل میں شائع کرائی ہے، جس میں بتایا ہے کہ روزانہ 20 منٹ کی ورزش بھی آپ کے لیے کرشماتی اثر رکھتی ہے۔

یونیورسٹی کی ماہرسوزی ہونگ نے نوٹ کیا ہے کہ ورزش سے جسم کا سمپیتھیٹک نروس سسٹم سرگرم ہوجاتا ہے جو جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے۔ یہ نظام دل کی دھڑکن بڑھاتا ہے اور بلڈ پریشر اور سانس کو بھی تیز کرتا ہے ۔ جسمانی ورزش اس نظام کو مؤثر بناتی ہے۔