لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی سی میں ادویات مہنگے داموں فروخت کرنے کی تحقیقات شفافیت اور غیر جانبداری نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمحمود الرشید کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ عدالت نے پی آئی سی میں مہنگی ادویات کی فروخت کی تحقیقات کا حکم دیا تھا لیکن تحقیقات غیر جانبداری سے نہیں کی جا رہی۔ وکیل کے مطابق پی آئی سی میں مہنگی ادویات کی فروخت کی نشاندہی کرنے والی خاتون کو تحقیقات میں شامل نہیں کیا گیا۔
محمود الرشید کے وکیل نے استدعا کی تحقیقات کو شفاف اور غیر جانبدار بنایا اور کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ درخواست ناقابل سماعت ہے اور درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں اس لیے درخواست مسترد کردی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کیا ہے۔