لاہور : معروف دانشور، صحافی، کالم نگار، شاعرہ، ادیبہ اور استاد ڈاکٹر عارفہ صبح خان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم ”پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ” کا حصہ بن گئیں ۔ ڈاکٹر عارفہ صبح خان پی ایف یو سی کے صدر وویمن ونگ کے طور پر ذمہ داریاں ادا کریں گی۔ اس بات کا فیصلہ پی ایف یو سی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
پی ایف یو سی نے ڈاکٹر عارفہ صبح خان کی شمولیت کو تنظیم کیلئے خوش آئند قرار دیا اور کہا ہے کہ ان کی راہنمائی اور مشاورت تنظیم کی فلاح و بہبود ، ترقی اور ممبران کی ذہنی آبیاری کا باعث بنے گی ۔ صدر پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ نے ڈاکٹر عارفہ صبح خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی محنت سے کمائی ہوئی شہرت اور منفرد و مثبت سوچ و فکر کی بدولت صحافتی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں ۔ عارفہ صبح خان کی شمولیت سے جہاں پی ایف یو سی کے وقار میں اضافہ ہوا ہے ، وہیں ان کے وسیع تجربہ سے استفادہ تنظیم کے ممبران کیلئے معاون اور سودمند ثابت ہوگا ۔ فرخ شہباز وڑائچ نے امید ظاہر کی ہے کہ عارفہ صبح خان کی اعلیٰ صلاحیتوں کی بدولت تنظیم کا صحافتی و ادبی حلقوں میں تعارف بھی بڑھے گا۔