برسبین (جیوڈیسک) برسبین کے نیشنل کرکٹ سنٹر میں ہونیوالے جائزے کی رپورٹ 2 ہفتے میں آئے گی پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ گزشتہ روز آسٹریلیا کے شہر برسبین کے نیشنل کرکٹ سنٹر میں ہوگیا،سعید اجمل کو مشکوک باؤلنگ ایکشن کی رپورٹ کے بعدجائزے کے لیے برسبین بھیجا گیا تھا جہاں آئی سی سی کے منظور شدہ ہیومن موومنٹ ماہرین کی سہولتیں موجود ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران امپائروں نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قواعد وضوابط کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی باضابطہ رپورٹ کی تھی اورقوانین کے مطابق سعید اجمل کو اپنے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 21 دن دئیے گئے تھے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں فوری طور پر آسٹریلیا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل رہے ہیں۔ماہرین نے گزشتہ روز سعیداجمل کے باؤلنگ ایکشن کا جائزہ لیا جس کی رپورٹ آنے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں،آئی سی سی اس جائزے کی رپورٹ کا اعلان کرے گی۔