استحصالی ٹولہ طالبان کی مدد سے مشرف کو راہ سے ہٹانا چاہتا ہے: طاہر حسین

کراچی : قوم کی اس سے بڑھ کر بدنصیبی اور کیا ہوگی کہ فوج کے سابق سربراہ کو غدار قرا دیا جارہا ہے اور آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات ہورہے ہیں جبکہ قتل و غارت گری کرنے والوں سے امن کی بھیک مانگی جارہی ہے اور فوج کے گلے کاٹنے والوں سے ہاتھ ملا کر فوج کا مورال تباہ کرکے ملکی دفاع کو ہی کمزور نہیں کیا جارہا بلکہ دنیا کو بھی پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کمزور اور دہشتگرد طاقتور و عوامی حمایت کے حامل ہیں اگر ان حالات میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک ‘ قوم اور فوج کیخلاف دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادانہیں کیا تو ملک وقوم کا مستقبل تباہ کرنے کی سامراجی ‘ استحصالی اور دہشتگرد وامن دشمن طبقات کی مشترکہ سازش کامیاب ہوجائے گی جو یقینا پاکستان ‘ عوام اور فوج مفاد میںقطعانہیں ہے۔

یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو‘ سینئر رہنما شاہد قریشی‘ سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے نام پر قومی وسائل کوبیرونی قوتوں کے حوالے کئے جانے سے توجہ ہٹانے کیلئے حکمران ‘طالبان کی مدد سے مذاکرات کا ڈرامہ رچاکر قوم کو دھوکا دے رہے ہیں جبکہ مذاکرات کے نام پر طالبان کو آگے لانے ‘ سیف اسپیس اور مہلت فراہم کرنے کا مقصد مشرف کو طالبان کی مدد سے راہ سے ہٹوانا بھی ہے کیونکہ حکمران جان چکے ہیں کہ غیر آئینی طور پر مشرف مخالف منصفوں پر مشتمل خصوصی عدالت حکمرانوں کی خواہشات پر مشرف کو غدار قرار نہیں دے سکے گی ۔یہی وجہ ہے کہ طالبان ترجمان شاہداللہ شاہد نے کہا ہے کہ ہمیں موقع ملا تو ہم مشرف کو سزا دیں گے۔